ماہانہ پنشن کے علاوہ نقد پنشن (کمیوٹیشن) بھی لیتا ہے۔ تو کچھ خاص سالوں بعد وہ نقد پنشن دوبارہ ماہانہ پنشن میں شامل ہو جاتا ہے۔ اس پراسس کو ریسٹوریشن آف کمیوٹڈ پورشن آف پنشن کہتے ہیں۔ سادہ الفاظ میں ریسٹوریشن کہتے ہیں۔ جبکہ اغلاط العوام اسکو ڈبل پنشن بھی کہتے ہیں۔ چونکہ کمیوٹیشن لینے کا حساب عمر کے تناسب سے ہوتا ہے اسلئے ریسٹوریشن بھی ملازم کی عمر کے حساب سے ہوتا ہے۔ پنشن کے 100 فیصد میں سے آجکل 35 فیصد تک کمیوٹیشن لیا جاسکتا ہے۔ جو ملازم 60 سال عمر پر ریٹائر ہوتا ہے اس کا ریسٹوریشن 12سال بعد بنتا ہے۔ جبکہ ساٹھ سال سے پہلے پنشن لینے والے ملازمین کا ریسٹوریشن کا دورانیہ کچھ بتدریج زیادہ ہوتا ہے۔ ریسٹوریشن، ملازم کی عمر پر ہوتا ہے نہ کہ اسکی بیوہ کی عمر پر۔ ریسٹوریشن کیلئے ضروری ہوتا ہے کہ پنشنئر نے ریٹائرمنٹ کے وقت کمیوٹیشن لیا ہو۔ اگر اس نے کمیوٹیشن نہ لینے کا آپشن دیا ہو تو ایسے ملازم کا ریسٹوریشن نہیں بنتا کیونکہ اسکو 100 فیصد پنشن اسی وقت ماہانہ کی شکل میں جاری کردیا گیا ہوتا ہے۔ آپ لوگوں کی سہولت کیلئے فیڈرل گورنمنٹ کے کموٹیشن کے دو عدد ٹیبل منسلک کررہا ہوں۔ جس سے آپ اپنے پیاروں کی ریسٹوریشن تاریخ معلوم کرسکتے ہیں۔ صوبائی ملازمین کا طریقہ کار بھی اسی طرح ہے اکثر صوبے وفاق کے کموٹیشن رولز کو فالو کرتے ہیں۔
ریسٹوریشن کا وقت کیسے معلوم کیا جائے؟
ریسٹوریشن کا وقت جاننے کیلئے کرنا آپ نے یہ ہے کہ فرض کریں ایک ملازم 1.4.2002 کو ریٹائر یا بدوران سروس فوت ہو چکا ہو اور اس کی تاریخ پیدائش 01.03.1948 ہو۔ تو سب سے پہلے آپ یہ معلوم کریں کہ ریٹائرمنٹ یا فوتگی کے وقت اسکی عمر کتنی تھی۔ مذکورہ مثال میں چونکہ عمر 54 سال اور 01 ماہ بنتی ہے۔ لہذا اب 2001 والے ٹیبل میں اسکی اگلی سالگرہ 55 سال دیکھئے کہ اسکے سامنے 16 سال درج ہے۔ لہذا معلوم ہوا کہ ملازم ھذا کا ریٹائرمنٹ یا فوتگی کے 16 سال بعد ریسٹوریشن پورا ہوگا۔ یعنی 01.04.2018 کو ریسٹوریشن کا وقت پورا ہے۔
ریسٹوریشن کا وقت پورا ہوا ہو یا پورا ہونے والا ہو تو کیا کرنا چاہئے؟
مندرجہ بالا طریقہ کار کے مطابق آپ ریسٹوریشن کا وقت معلوم کرسکتے ہیں۔ جب آپ کو معلوم ہوجائے کہ اس تاریخ کو ملازم کا ریسٹوریشن پورا ہونے والا ہے تو اسی تاریخ کو فورا ایک درخواست بمعہ شناختی کارڈ کاپی اپنے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر (جہاں سے پنشن جاری ہوتا تھا وہاں ارسال کریں)۔ ملٹری پنشن والے غالباً کنٹرولر جنرل آف ملٹری اکاونٹس کو بھجواسکتے ہیں۔ ملازم اپنے محکمے کو بھی درخواست دے سکتے ہیں لیکن وہ اسی اکاؤنٹس آفسر کو آپکی درخواست فارورڈ کریں گے لہذا بہتر ہے کہ ڈائریکٹ اکاؤنٹس آفیسر کو درخواست بھیج دیں۔ درخواست میں اپنا بینک اکاؤنٹ نمبر اور تاریخ ریٹائرمنٹ وغیرہ سب تفصیل لکھ دیں اگر پنشن بینک اکاؤنٹ کی بجائے ابھی تک پنشن بک پر ہے تو پنشن بک کی کاپی بھی لگادیں۔ جن ملازمین کے پاس ڈسچارج کاپی ہو (ملٹری، سول آرمڈ فورسز وغیرہ) تو اسکی کاپی بھی لگادیں۔ درخواست کا عنوان لکھ دیں "ریسٹوریشن آف کمیوٹڈ پورشن آف پنشن"۔ اس سے اکاؤنٹس آفیسر سمجھ جائیں گے کہ آپ کیا چاہتے ہیں۔ فیملی پنشنئر بیوہ وغیرہ بھی اپنی عمر کی بجائے اپنے پیاروں کی عمر کا حساب لگا کر درخواست دے سکتی ہیں۔ اگر ریسٹوریشن کا وقت پہلے سے پورا ہوا ہو اور آپکو پتہ نہ ہو درخواست میں ایرئیر (بقایاجات) دلوانے کیلئے بھی لکھ دیں۔
ریسٹوریشن کا فائدہ کیا ہوگا؟
یوں تو ہم پاکستانی 100 روپے فائدے کیلئے بھی در بدر کی خاک چھانتے ہیں اور جہاں بات اپنے حق کی ہو تو پیچھے کیسے رہ سکتے ہیں۔ ریسٹوریشن کا فائدہ یہ ہے کہ آپ کا ریٹائرمنٹ کے وقت جتنی فیصد پنشن کمیوٹ (نقد) ہوئی ہو
یعنی 35 فیصد یا 50 فیصد تو ریسٹوریشن کے وقت اُتنے فیصد رقم اسی پرانے حساب سے آپکی ماہانہ پنشن میں اضافہ ہوگا۔ بولے تو 25 ہزار ماہانہ پنشن ریسٹوریشن کے بعد کچھ لگ بھگ 35 سے 40 ہزار تک بڑھ جائیگا۔ درست حساب اکاؤنٹس آفس والے ہی کریں گے یہ صرف اندازہ ہے۔
75 سالہ پنشن کیا ہے؟
75 سال عمر پر حکومت کی ایک اور سکیم ہے جسے minimum پنشن کہتے ہیں۔ یعنی کم از کم پنشن 10 ہزار سے کم نہ ہوگا۔ اور ملازم کی 75 سال عمر پورا ہونے پر اسکی کم از کم پنشن 15000 روپے ہوگی۔ اسی طرح فیملی پنشن (بیوہ وغیرہ) کی کم از کم پنشن 7500 روپے ہوگی جبکہ بیوہ کی 75 سال عمر پورا ہونے پر کم از کم پنشن 11250 روہے ہوگی
0 Comments